ناندیڑ:30ڈسمبر ( ورق تازہ نیوز)آج دوسرے دن 30 دسمبر کو ناندیڑواگھالہ شہرمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے قدیم شہر کے چوک بازار ‘منیار گلی ‘صرافہ ‘ دربار مسجد علاقوںمیں آج تک کی سب سے بڑی کاروائی انجام دیتے ہوئے غیر مجازقبضہ جات کو جے سی بی مشین کی مدد سے توڑاگیا۔
جس کی وجہہ سے شام پانچ بجے کے بعد سے مذکورہ علاقوں میں ہلچل مچی ہوئی تھی اور کئی مقامات پرتاجروں اور کارپوریشن کے عملہ کے درمیان بحث و مباحثہ بھی دیکھنے کو ملا ۔ان کاروائیوں کے باعث شام کے بعد کاروبار پوری طرح ٹھپ ہوگیاتھا۔کارپوریشن کے محکمہ تجاوزات ہٹاو دستہ کے شری مورے سر ‘ملازم شینگے کے ہمراہ دیگر ملازمین کی ٹیم نے کرین کی مدد سے غیر مجازقبضہ جات کو ہٹایا ۔
اس موقع پر اتوارہ پولس اسٹیشن کے پی آئی شری ستوش تامبے اپنے ملازمین کے ہمراہ کاروائی مکمل ہونے تک ساتھ رہے ۔چوک بازار کارنر سے کاروائی کا آغاز ہوا جو منیارگلی تک پہنچی ۔یہاںپرسڑک کے کنار ے بیٹھ کر کلر کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی نہ کئے جانے پر کچھ نوجوانوں نے سخت احتجاج کیااور اس کاروائی کو جانبدارانہ بتایا
مگر مورے سر نے کہاکہ اس کلربیچنے والے کو کل تک تمام سامان سڑک سے ہٹانے کی ہدایت دے دی گئی ہے اگرکل تک یہ سامان نہیں اٹھایاجاتا ہے تو پھر پوری طاقت کے ساتھ اسکے خلاف کاروائی کی جائے گی ۔آج کی کاروائی میںبھی دو ٹریکٹر سے زیادہ سامان ضبط کیا گیا ۔ کارپوریشن کے عملہ نے بتایا کہ پیر کے دن بھی کاروائی جاری رہے گی اور اس مرتبہ انکا رُخ دیگلورناکہ رہے گا۔