ناندیڑ:21جون ۔(ورق تازہ نیوز۔اکرم چوہان) آج 21جون کو شب تقریبا نوبجکر 25منٹ پر ناندیڑ ضلع اور ہنگولی ‘ ایوت محل ضلع کے پین گنگا ندی کے کنارے آباد حمایت نگر ‘ عمر کھیڑ ‘ اردھاپور ‘ کنوٹ ‘ ڈھانکی ‘ماہور ‘مہاگاوں ‘ مانڈوی کولہاری ‘ اسلا پور کے علاوہ شہری حدود میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی پیمائش ریکٹر اسکیل پر 3.9 بتائی جارہی ہے ۔ا س کے علاوہ زیر زمین آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔ کنوٹ و ماہور میں گھروں کے ٹین شیڈ منہدم ہوگئے ہیں ۔
فی الحال کوئی جانی یامالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔کچھ گھروں کی دیواروںمیں دراڑیں پڑگئی ہیں ۔ ناندیڑ سے 90کلومیٹر کی دوری پر نارتھ ایسٹ ‘حدگاوں۔ حمایت نگر تعلقہ کو زلزلہ کا مرکز بتایاجارہا ہے۔ا س طرح کی اطلاع سوامی رامانندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبہ اراضیات نے دی ہے ۔دریں اثناءناندیڑ شہر کے کچھ علاقوں میں جیسے سری نگر ‘ ورکشاپ‘ تروڑاناکہ‘ ریلوے اسٹیشن کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے کی اطلاع شہریان نے دی ہے ۔تقریبا 20سیکنڈ تک جھٹکے محسوس کئے گئے ۔

دریں اثناءضلع کلکٹر ارون ڈونگرے نے عوا م الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پردھیان نہ دیں اور احتیاطی اقدامات کریں۔ آج کنوٹ و حمایت نگر میں بارش ہورہی ہے ایسے میں لوگ خوش تھے لیکن رات نو بجکر 16منٹ اور کہیں پر 9:25بجے زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ زلزلوں کے جھٹکوں کے بعد لوگوں میں افراتفری پھل گئی اورلوگ گھروں سے باہر نکل کر سڑک پر آگئے ۔ناندیڑ ضلع کے حمایت نگر ‘کنوٹ‘ماہور ‘ اردھاپور ‘ ناندیڑ شہر ‘حدگاوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ جبکہ پڑوسی ضلع ایوت محل کے آرنی تعلقہ کے ساولی سدوبا سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر چچ برڈی‘ باربھائی “ایچورا ‘ مالیگاوں ‘ پروشتم نگر ‘عمری میں بھی زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ۔


