ناندیڑ:6؍اکتوبر:(ورقِ تازہ نیوز)شہر کے اسلام پورہ میں ایک شادی شدہ23سالہ خاتون سسرالی مظالم کا شکار ہوکر اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھی۔اس معاملےمیں اتوارہ پولیس اسٹیشن میں 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیاگیاہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق ملت نگر کی رہائشی شیخ محمود کی دختر صباء بیگم کی شادی ایک سال قبل اسلام پورہ کے شیخ اسلم کے ساتھ ہوئی تھی۔صباء کے رشتہ داروں کاکہنا ہے کہ شادی کے دوتین ماہ تک سب معمول پررہا لیکن بعدازیں صباء کےشوہر اور دیگر سسرالی افراد صباء کو مختلف باتوں اورجہیز کیلئےہراسانی کرتے ہوئے ذہنی وجسمانی اذیت دیا کرتے تھے۔
اسی طرح مارپیٹ اورسگریٹ کے چٹکے بھی دیاکرتے تھے۔ اس ذہنیت وجسمانی اذیت سے تنگ آکر صباء اپنے میکے چلی آئی تھی ،تاہم اس کے گھروالوں نے سسرالی افراد سے بات چیت کے بعد صباء کو واپس سسرال بھیج دیاتھا۔ اس کے باوجود سسرال میں صباء پر مظالم کا سلسلہ کم نہیں ہوا بلکہ بڑھتا ہی چلاگیا اور بالآخر اس کی جان لے لی گئی۔
صباء کے رشتہ داروں نے الزام عائد کیا کہ صباء کو انتہائی بے دردی سے مارا پیٹا گیا ،اس کے جسم پر گرم پانی ڈال کر اسے جلایا گیا جس کے باعث اس کی موت ہوگئیاس سلسلے میںشیخ محمود دی گئی شکایت پر چھ ملزمان کے خلاف 302،304بی ،34،498اے اور انسداد جہیز ہراسانی کی دفعات 3اور4کے تحت اتوارہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر2023/310 درج کیاگیاہے،ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے