نئی دہلی:نائب صدرِ جمہوریہ کا اگلا انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا۔ اس کے لیے این ڈی اے نے مہاراشٹر کے گورنر اور تمل ناڈو کے سینئر رہنما سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ دوسری جانب اپوزیشن کے انڈیا بلاک نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج بی۔ سدرشن ریڈی کو میدان میں اتارا ہے۔ مقابلہ انہی دونوں امیدواروں کے درمیان ہے اور دونوں اپنے اپنے حلقوں میں حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں۔
اسی دوران ہفتے کے روز آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے نائب صدر کے انتخاب کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر دیا۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر پوسٹ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی جماعت کس امیدوار کا ساتھ دے گی۔ اویسی نے بتایا کہ تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے دفتر نے ان سے رابطہ کرکے نائب صدر کے انتخاب میں انڈیا اتحاد کے امیدوار اور سابق سپریم کورٹ جج جسٹس بی۔ سدرشن ریڈی کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے اس درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے اور اے آئی ایم آئی ایم جسٹس ریڈی کی حمایت کرے گی۔