ممبئی 14 جولائی(یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس’کووڈ-19‘سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں روزبروز صورت حال سنگین ہوتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6741 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد منگل کی شب بڑھ کر 2.68 لاکھ کے قریب پہنچ گئی لیکن راحت کی بات یہ رہی کہ مریضوں کی ریکوری شرح بڑھ کر 55 فیصد سے زائد ہوگئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ریاست میں اب تک 267665 لوگ اس بیماری کی زد میں آئے ہیں۔وہیں اس دوران مزید 213 کی موت کے بعد اموات کی تعداد بڑھ کر 10695 ہوگئی ہے۔اس دوران ریاست میں 4500 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔جس کے بعد ان کی مجموعی تعداد 149007 ہوگئی ہے۔
ریاست میں مریضوں کے صحت یاب ہونے کہ شرح 55.66 فیصد ہو گئی ہے جبکہ شرح اموات صرف 3.99 فیصد ہے۔ذرائع کے مطابق ریاست میں سرگرم معاملوں کی تعدد107665 ہے جو مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر پورے ملک میں کورونا انفکشن اور موت کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہے۔