پونے : ملک میں مذہبی ہم آہنگی کی خراب ہوتی فضا اور عدم رواداری کے بڑھتے ماحول نے اہل فکر و نظر کو بے چین کردیا ہے ۔ اس سلسلے میں کئی ملی تنظیمیں میدان عمل میں ہیں اور وہ حالات کو تبدیل کرنے کیلئے بساط بھر کوشش کررہی ہیں ۔ جماعت اسلامی جہاں اقامت دین کی تحریک کیلئے سرگرم ہے وہیں وہ ملک کے باشندوں کے درمیان محبت اور رواداری کے ماحول کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے بھی جد وجہد کررہی ہے ۔
اسی مقصد کے حصول کیلئے جماعت اسلامی مہاراشٹر نے کل ریاستی ’دھارمک جن مورچہ‘ کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔ اس تعلق سے بتایا گیا کہ مذکورہ تنظیم کے ارکان و کارکنان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور عدم اعتماد کی فضا کو ختم کرنے کیلئے جد وجہد کریں گے ۔جماعت اسلامی مہاراشٹر کے ہندوستانی معاشرہ شعبہ کی جانب سے پونے کے دیہو گائوں میں تکا رام بیج کے موقع پر پورے مہاراشٹر میں مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے مقصد سے ’دھارمک جن مورچہ‘ کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے ۔ یہ اعلان دیہو گائوں کے ابھنگ فنکشن ہال میں ایک خصوصی پروگرام میں کیا گیا ۔اس مذہبی جن مورچہ میں سبھی مذاہب کے پیشوا نے شمولیت کی ہامی بھری ہے ۔ مذکورہ خصوصی پروگرام میں مختلف مذہبی رہنما نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آج کےماحول میں جس طرح کچھ لوگ نفرت ، دشمنی اور عدم رواداری کو فروغ دے رہے ہیں ، ہم سب کو محبت بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔
کچھ لوگ آگ لگا رہے ہیں تو ہمیں آگ بجھانے کا کام کرنا ہے ۔ تب ہی اس ملک میں ترقی کا دور آسکے گا اور اہل وطن خوشحالی اورسکون کی زنگی گزار پائیں گے ۔ ذمہ داروں میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجنیئر محمد سلیم ،جماعت اسلامی مہاراشٹر ہندوستانی معاشرہ شعبہ کے سکریٹری رفیق پارنیراور امیر حلقہ مہاراشٹر رضوان الرحمن خان وغیرہ نے بھی مذہبی ہم آہنگی اور رواداری پر اپنے خیالات پیش کئے ۔حاضرین و سامعین میں وارکری عقیدہ سے تعلق رکھنے والوں کی تھی اور بڑی تعداد مسلمانوں کی بھی اس موقع پر موجود تھی ۔