ممبئی, 25 جولائی (یواین آئی ) مہاراشٹرا میں کوروناسے متاثرہ مزید تین پولیس اہلکاروں کی موت ہوگئی جبکہ اس بیماری سے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی مجموعی تعداد 93 ہوگئی۔ کوروناکاشکارہونے والے تین اہلکاروں میں سے ایک ممبئی سے تھا جہاں اس وبائی مرض سے اب تک 53 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہفتہ کے روز پولیس کے اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل (نظم ونسق) کے وینائیک دیش مکھ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ممبئی ، تھانہ اور ستارا پولیس کمشنریٹ کے کانسٹیبلری سے تعلق رکھنے والے تین پولیس اہلکاروں کی کوروناوائرس سے موت ہوگئی ہے۔ ان سب کی عمر 50 برس سے اوپر تھی۔ممبئی پولیس میں3600کیسزکے ساتھ کوویڈ 19 کے زیادہ کیسز ہیں،
اس کے بعد متاثرہ اہلکاروں کی زیادہ تعدادتھانےپولیس کی ہے۔ریاست بھر سے اب تک مجموعی طور پر 8،232 پولیس اہلکار (861 افسر ، 7،371 کانسٹیبل) کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے 6،314 صحت یاب ہوچکے ہیں اور ان میں سے بہت سے اہلکارڈیوٹی پر دوبارہ آچکے ہیں۔ پولیس اہلکاروں میں اب 1،825 سرگرم کیسز موجود ہیں جن کا علاج مختلف اسپتالوں اور کوویڈ کیئر سہولیات سینٹروں میں ہورہا ہے۔
سینئر آئی پی ایس آفیسر ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس (نظم ونسق) ممبئی پولیس ، وونوئے کمار چوبے ان افسروں میں شامل ہیں جوکوروناسے متاثرہوئے ہیں۔