ممبئی 18فروری (یواین آئی)مہاراشٹرایجوکیشنل بورڈ نے امسال 12اور 10ویں جماعت میں شریک ہونے والی مسلم طالبات کو امتحان گاہ میں برقعہ پہننے کی اجازت دے دی ہے اور ہدایت دی ہے کہ ان کی جانچ اور تلاشی لینے کے لیے خاتون گارڈ تعینات کی جائیں۔
واضح رہے کہ پونے کی ایک طالبہ بیگ مومنہ اختر مرزا نے بورڈ کو ایک مکتوب لکھ کر اس تعلق سے وضاحت طلب کی تھی کہ امتحان گاہ میں برقعہ پہننے کی اجازت دی جائے۔اس تعلق سے مہاراشٹراسٹیٹ سکنڈری اورہائرسکنڈری ایجوکیشنل بورڈ کے سکریٹری نے سبھی علاقائی سکریٹریز کو روانہ کئے گئے حکم نامہ جاری کیا ہے کہ مسلم طالبات کو امتحان گاہ میں برقعہ کے استعمال کی اجازت دی جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے ۔انہوں نے وضاحت کی ہے کہ 2017 میں اس معاملہ میں حکومت کی پالیسی سے بورڈ اور تمام علاقائی بورڈ کو ہدایت جاری کردی گئی تھی مومنہ اختر نے 14 فروری 2020 کو ہونے بورڈ کو مکتوب روانہ کیا تھا۔