مہاراشٹر:اردو اور پنجابی ساہتیہ اکیڈمی کے ممبران کی نامزدگی رد: نواب ملک

ممبئی16جنوری(یواین آئی) مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی نیز پنجابی ساہتیہ اکیڈمی کے کارگزار صدور اور تمام غیرسرکاری ممبران کی تقرری کو رد کردیا گیا ہے۔ وزارت برائے اقلیتی امور کے ذریعے مذکورہ بالا تمام تقرریوں کو ردکرتے ہوئے محکمہ کے کابینی وزیرنواب ملک نے کہاکہ مستقبل قریب میں نئی تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔

اس ضمن میں اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کا کہنا ہے کہ اقلیتی طبقے کی زبانوں کے ہمہ جہت فروغ نیز ان زبانوں کے ادب کو مراٹھی میں اور مراٹھی زبان کے ادب کو ان زبانوں میں منتقل کرکے قومی یکجہتی کی فضاءکو فروغ دینے کے لیے ریاستی حکومت نے اردوساہتیہ اکیڈمی وپنجاب ساہتیہ اکیڈمی قائم کیا تھا۔ ان دونوں اکیڈمیوں میں متعلقہ زبانوں کے ماہرین وان کی ترویج واشاعت میں اہم کردار ادا کرنے والے نئے ممبران کا تقرر جلد ازجلد کیا جائے گا۔

نواب ملک نے مزید کہا ہے کہ اردو ساہتیہ اکیڈمی وپنجاب ساہتیہ اکیڈمی سمیت اقلیتی طبقے کی زبانوں سے متعلق دیگر اداروں میں بقدرضرورت افراد، بجٹ اوردیگر ضروریات کو پورا کرتے ہوئے ان کا نئے سرے سے تشکیل کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اردو ساہتیہ اکیڈمی میں کارگزار صدر ڈاکٹر مشفی احمد صدیقی عرف ڈاکٹر رانا سمیت گیارہ غیرسرکاری افراد ممبر تھے جبکہ پنجاب ساہتیہ اکیڈمی میں کارگزار صدر راجن کھنہ سمیت گیارہ غیرسرکاری ممبران تھے۔ کارگزار صدور سمیت ان تمام افراد کی تقرریاں آج سے رد کردی گئی ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading