وارانسی، 26اپریل (ایجنسیز) وزیراعظم نریندر مودی کے پاس کل ملاکر دو کروڑ 51لاکھ 36ہزار 119روپے کی منقولہ اور غیرمنقولہ املاک ہے، لیکن ان کے پاس کوئی آبائی پراپرٹی نہیں ہے۔ اپنی اہلیہ کی املاک اور پین کارڈ کے بارے میں ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہے۔
مسٹر مودی نے جمعہ کو وارانسی پارلیمانی حلقہ میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے دوران یہ معلومات دی۔انہوں نے چار سیٹوں میں اپنا پرچہ نامزدگی ضلع مجسٹریٹ و ڈسٹرکٹ رٹرننگ افسر سریندر سنگھ کے پاس جمع کئے۔ حلف نامہ کے مطابق ان کے پاس ایک کروڑ 41لاکھ 36ہزار 119روپے کی منقولہ املاک اور ایک کروڑ 10لاکھ روپے کی اندازاََ قیمت غیرمنقولہ املاک ہے۔ ان پر کوئی قرض نہیں ہے۔ وزیراعظم کو اپنی بیوی جسودا بین کی املاک یا ان کے پین کارڈ وغیرہ کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے۔
مسٹر مودی کے پاس سونے کی چار انگوٹھیاں ہیں جن کا مجموعی وزن 45گرام اور قیمت تقریباََ ایک لاکھ 13ہزار 800روپے ہے۔ انہوں نے مالی سال 2017-2018کی مجموعی آمدنی 19 لاکھ 92ہزار 520روپے بتائی ہے۔ یہ آمدنی سرکاری تنخواہ اور بینک میں جمع رقم پر سود کی شرح کی ہے۔ پندہ ر اپریل 2019تک ان پر کوئی قرض بھی نہیں ہے۔