رتناگیری:رتناگیری تعلقہ کے مِرجول گاؤں میں دو ہفتوں سے لاپتہ لڑکی بھکتی جتیندر مئےکر کی گمشدگی کا معمہ آخرکار حل ہوگیا ہے۔ پولیس تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ بھکتی کا قتل اُسی کے عاشق دُرواس درشن پاٹل نے کیا تھا۔ ملزم نے واردات کے بعد لاش کو آمبا گھاٹ کے سنسان علاقے میں پھینک دیا۔
موبائل لوکیشن نے کھولا راز
بھکتی مئےکر 17 اگست کو یہ کہہ کر گھر سے نکلی تھی کہ وہ اپنی سہیلی کے گھر جا رہی ہے، لیکن اس کے بعد وہ واپس نہ لوٹی۔ اہل خانہ نے رتناگیری شہر پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی۔ پولیس انسپکٹر وِویک پاٹل اور ان کی ٹیم نے تفتیش شروع کی تو موبائل لوکیشن سے پتا چلا کہ 16 اگست کو بھکتی کھنڈالا علاقے میں گئی تھی، جہاں اس کا عاشق دُرواس درشن پاٹل بھی رہتا تھا۔
ملزم نے کڑی تفتیش میں قبول کیا جرم
پولیس نے جب دُرواس درشن پاٹل کو حراست میں لیا تو وہ ابتدا میں ٹال مٹول کرتا رہا، لیکن سخت پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ اس نے بھکتی کا قتل کیا اور لاش کو آمبا گھاٹ میں پھینک دیا۔ ہفتہ کی شام پولیس نے لاش برآمد کرلی۔
تین ملزم گرفتار
پولیس نے مرکزی ملزم دُرواس درشن پاٹل کے ساتھ وشواس وِجئے پوار اور سُشانت شنتارام نرلکر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ یہ تینوں ہی رتناگیری کے کھنڈالا علاقے کے رہائشی ہیں۔