امپھال: منی پور کے مورہ ضلع میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم ہوا، جس میں ایک سی ڈی او افسر جان بحق ہو گیا۔ نیوز پورٹل اے بی پی نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ کیا کہ عسکریت پسندوں نے ایس بی آئی موڑ کے قریب ایک سیکورٹی چوکی پر بم پھینکے اور فائرنگ کی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔
پولیس نے بتایا کہ ریاستی فورسز کے ایک پولیس افسر کے قتل کے سلسلے میں سرحدی شہر میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے 48 گھنٹے بعد مشتبہ کوکی عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک چوکی پر فائرنگ انجام دی۔
قبل ازیں، منی پور حکومت نے امن میں خلل، عوامی ہم آہنگی میں خلل اور انسانی جان و مال کو شدید خطرہ کے پیش نظر 16 جنوری کی آدھی رات 12 بجے سے ٹینگنوپال میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا تھا۔