ممبرا کے معلم محمد اسرائیل خان کو انوار ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا
تھانے (آفتاب شیخ)
ممبئی یونیورسٹی اور اردو چینل کے اشتراک سے منعقدہ "اردو اتسو" کے دوران مہاراشٹر کے پانچ اساتذہ کو "انوار ٹیچر ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ اس تقریب میں ممبرا دیوی روڈ پر واقع پٹیل ہائی اسکول کے سینئر استاد خان محمد اسرائیل کو ان کی 34 سالہ شاندار تدریسی خدمات کے اعتراف میں یہ معتبر ایوارڈ پیش کیا گیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ خان محمد اسرائیل سر کو رواں سال دہلی، بھوپال، کولہاپور، بھیونڈی اور دیگر مقامات پر تعلیمی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے قومی ایوارڈوں سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان اعزازات کے ذریعے ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کو سراہا گیا ہے۔
مزید برآں، پٹیل ہائی اسکول ممبرا نے مسلسل دوسرے سال انہیں بہترین استاد کے ایوارڈ سے نوازا، جس سے ان کی خدمات کو مزید تسلیم کیا گیا۔ خان سر کی تدریسی مہارت اور لگن نے نہ صرف طلبہ بلکہ معاشرے میں بھی تعلیم کے لیے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب کے منتظمین نے اس موقع پر اردو زبان اور تدریسی شعبے میں ان کے نمایاں کردار کی بھرپور ستائش کی۔
