ممبئی:۔(نامہ نگار) کورونا نے ایک مرتبہ پھر اپنے پر پھیلانے شروع کر دیے ہیں ممبئی سمیت صوبہ مہاراشٹر میں ایک مرتبہ پھر کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔کورونا کریتی دل کےڈاکٹر ششانک جوشی کے مطابق گزشتہ24؍گھنٹوں میں ریاست میں1201؍نئے مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔جن میں ممبئی کے490؍مریض بھی شامل ہیں۔ریاست میں گزشتہ ایک ماہ سے روزآنہ1؍ہزار کورونا متاثرین بڑھ رہے ہیں۔ اکتوبر کے بعد پہلی مرتبہ ممبئی میں مریضوں کی تعداد24؍گھنٹوں میں400؍سے تجاوز کر نے سے محکمہ صحت کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔اسی کے ساتھ ریاست میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد8؍ہوگئی ہے
جبکہ بازیاب ہونے والوں کی تعداد953؍ کے ساتھ زیر علاج مریضوں کی تعداد7350؍ تک پہنچ گئی ہے۔ واضح رہے ایک ہفتہ قبل ریاست میں زیر علاج مریضوں کی تعداد6؍ہزار507؍ تھی اس میں نمایاں طور پراضافہ ہوا ہے۔گزشتہ ماہ اکتوبر میں ممبئی میں روزانہ تقریباً چار سے ساڑھے چار سو مریض سامنے آتے تھے۔اس میں اکتوبر کے آخری ہفتے میں کمی آئی جبکہ نومبر میں اس تعداد میںتقریباً 200؍ تک کمی دیکھنے کو ملی۔مگردسمبر کے پہلے ہفتے سے مریضوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔تیسرے ہفتے میں یومیہ مریضوں کی تعداد ڈھائی سو تک پہنچ گئی۔ بدھ کوان مریضوں کی تعداد400؍ سے تجاوز کر جانے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران ممبئی میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں تقریباً؍300؍ کا اضافہ ہوا۔ پونے میں اس ہفتے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں227؍ کا اضافہ ہوا ہے۔ ناسک میں بھی مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور گزشتہ ہفتے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں112؍ کا اضافہ ہوا ہے۔ سانگلی، ستارہ اور رائے گڑھ میں بھی کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ممبئی میں اس وقت ریاست میں زیر علاج مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔پونے میں1912؍، تھانے1035؍،ناسک446؍اور احمد نگر356؍ ہیں۔ اس دوران ریاست میں اومیکرون کے مریضوں کی تعدادمیں بھی اضافہ ہوا ہے ان مریضوں کی تعداد65؍ تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست میں تہوار اور شادیوں کی تقاریب ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میںاضافے کے باوجود متاثرین کی تعداد ابھی تشویشناک نہیں ہے۔ تاہم ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن پر زیادہ زور دیا جانا چاہیے۔ وہیں حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی رہنمایانہ ہدایتوں پر مکمل طور پر عمل کرنا چاہئے۔