نئی دہلی، 14 جولائی (یواین آئی) ملک میں کورونا انفیکشن کی بھیانک ہوتی صورت حال کے دوران متاثروں کی تعداد تین دنوں میں آٹھ لاکھ سے بڑھ کر نو لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کے اعدادوشمار کے مطابق سنیچر کو کورونا انفیکشن کی تعداد آٹھ لاکھ کو پار کرکے 8,20,912 ہوگئی تھی جکہ منگل کو نو لاکھ کا اعدادوشمار پار کرکے 9,06,752 ہوگئی۔
وزات کی جانب سے منگل کو جاری اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 28,498 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 9,06,752 ہوگئی ہے۔
گزشتہ تین دنوں سے مسلسل انفیکشن کی تعداد 28 ہزار سے زیادہ ہورہی ہے۔اس سے پہلے اتوار کو28,637 اور پیر کو 28,701 معاملے سامنے آئے تھے۔ حالانکہ ان کے مقابلے میں آج متاثروں کی تعداد میں معمولی کمی درج کی گئی ہے۔انفیکشن کے تیزی سے بڑھ رہے معاملوں کے دوران راحت کی بات یہ ہے کہ اس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 17,989 مریض صحتیاب ہوئے، جنہیں ملا کر اب تک مجموعی طور سے 5,71,460 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، ملک میں ابھی کرونا انفیکشن کے 3,11,565 معاملے سرگرم ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 553 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر23,727 ہوگئی ہے۔