نوئیڈا: طلاق ثلاثہ کا معاملہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اترپردیش کے گریٹرنوئیڈا میں ایک تین طلاق کا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں سبزی خریدنے کے لئے پیسے مانگنے پرشوہرنے تین بارطلاق بول کررشتہ ختم کرلیا۔ یہی نہیں شوہرنے خواتین کو پیٹا اورکرنٹ بھی لگایا۔ متاثرہ خاتون نے تھانہ پہنچ کرشوہرکے خلاف معاملہ درج کرا دیا۔پولیس کے مطابق زینب کی شادی تقریباً 10 سال پہلے نئی آبادی میں رہنے والے صابرسے ہوئی تھی۔ صابر گرینوعلاقے میں واقع ایک کمپنی میں نوکری کرتا ہے۔ زینب کا الزام ہے کہ ہفتہ کو اس نے اپنے شوہرصابرسے سبزی خریدنے کے لئے 30 روپئے مانگے تھے۔ یہی بات صابرکو ناگوارگزری اوراس نے اسے کمرے میں بند کرکے پہلے تو تین طلاق دیا۔ اس کے بعد سریا سے مارپیٹ کرتے ہوئے کرنٹ لگاکرمارنے کی کوشش کی۔شورشرابہ سن کر پڑوس کے لوگ موقع پر پہنچے۔ تب تک وہ بے ہوش ہوچکی تھی۔ پڑوسیوں نے صابرکو موقع پر ہی پکڑلیا۔ متاثرہ زینب کے مائیکے والوں کا الزام ہے کہ ملزم کے کسی دیگرخاتون سے ناجائز تعلقات ہیں۔ اس کے سبب اکثرگھرکے خرچ کے لئے روپئے مانگنے پرمارپیٹ کرتا ہے۔