کورونا بحران کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خطرہ پہنچانے والے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جو نہ صرف کورونا کے خلاف لڑائی میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں بلکہ ہندو-مسلم بھائی چارے کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ایک نیا ویڈیو بی جے پی رکن اسمبلی برج بھوشن راجپوت کا وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ایک مسلم سبزی فروش کو ڈانٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی نے سبزی فروش سے نام پوچھا تو اس نے راج کمار بتایا۔ اس پر رکن اسمبلی نے سبزی والے کو ڈانٹنا شروع کیا اور کہا کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ برج بھوشن راجپوت نے اصل نام نہ بتانے پر پٹائی کی بھی دھمکی دی۔ سبزی فروش کے ساتھ اس کا ایک کم عمر بیٹا بھی موجود تھا، جب رکن اسمبلی نے لڑکے سے کہا کہ والد کا اصلی نام بتاؤ تو چھوڑ دیا جائے گا، تو ڈر کر لڑکے نے اپنے والد کا نام عزیز الرحمن بتایا۔ یہ سنتے ہی بی جے پی رکن اسمبلی آگ بگولہ ہو گئے اور سبزی والے کو محلے میں دوبارہ نظر نہ آنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے وہاں سے بھگا دیا۔