مسجد الحرام میں بچوں کو ساتھ لانے پر پابندی لگا دی گئی، خلاف ورزی پر والدین کا داخلہ بھی روک دیا جائے گا

مکہ مکرمہ:مسجد الحرام کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین اور نمازیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ مسجد الحرام میں اپنے ساتھ بچوں کو نہ لائیں، ورنہ انہیں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی . سعودی وزارت حج و عمرہ نے تمام لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسجد الحرام میں عمرہ یا نماز پڑھنے کے وقت بچوں کو ہرگز ساتھ نہ لائیں .

 

وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں نمازوں اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے اجازت نامے اعتمرنا اور توکلنا کی ایپس کے ذریعے حاصل کیے جائیں. وزارت نے واضح کیا ہے کہ صرف ان افراد کو اجازت نامے جاری ہوں گے جنہوں نے کورونا ویکسین کے دونوں انجکشن لگوا رکھے ہوں گے، یا پہلی خوراک حاصل کیے 14 روز گزر چکے ہوں، یا پھر کورونا کا شکار ہونے کے بعد مکمل صحت یاب ہو چکے ہوں. مسجد الحرام کے قریب ممنوعہ گاڑیوں سے جانے کی ممانعت ہے. صرف اجازت نامے کے مطابق مقررہ دن اور وقت پر ہی پہنچا جائے. غیر مقررہ تاریخ یا وقت پر آنے والوں کو مسجد الحرام داخل ہونے سے روک دیا جائے گا اور پھر اگلی بار اجازت نامہ جاری نہیں ہوگا.

اس وقت صرف 18 سال سے 70 سال کی عمر تک کے افراد کو عمرہ اور نماز کے لیے اجازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں. وزارت نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی شخص مسجد الحرام میں کسی ایک دن کی پانچوں نماز یں ادا کرنے کے لیے بکنگ کروا سکتا ہے. تاہم ایک بار میں ایک سے زیادہ دن کے لیے نمازوں کا اجازت نامہ نہیں دیا جائے گا. پہلا اجازت نامہ ختم ہونے کے بعد اگلے روز کے لیے نیا اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے. واضح رہے کہ رمضان کے مہینے میں مسجد الحرام کی رونقیں بحال ہوتی جا رہی ہیں. رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں نماز اور عمرہ کی غرض سے 15 لاکھ سے زائد افراد داخل ہوئے ہیں. رمضان کے دوران کعبہ کا طواف کرنے والوں کی سہولت کے لیے مطاف کی گنجائش میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ لوگ سماجی فاصلے کی پابندی کرتے ہوئے آسانی سے طواف کر سکیں اور نمازوں کی ادائیگی میں بھی کوئی پریشانی نہ اُٹھانی پڑے.مسجد میں ہر وقت ماسک پہننا لازمی ہے. جبکہ سماجی فاصلے کی پابندی بھی لازمی ہے. سعودی حکومت کی جانب سے وبا کے باعث رمضان میں مکہ معظمہ میں زیادہ لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے. جو لوگ بھی رمضان میں عمرہ ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں پہلے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوتا ہے، جو افراد بغیر اجازت نامے کے عمرہ ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان پر 10 ہزار سعودی ریال کا جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے.