متنازع مصنف طارق فتح کی موت سے آر ایس ایس غمزدہ

اسلام کی مخالفت کرنے کی وجہ سے بھارت میں ہندو شدت پسندوں کے ہر دلعزیز پاکستانی نژاد کینیڈیائی مصنف طارق فتح کی موت کی خبر پھیلتے ہی ہندوتوا کی علمبردار تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) اور دیگر ہندو قوم پرست جماعتوں اور افراد کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا، جو اب بھی جاری ہے۔

بالی ووڈ سے وابستہ متعدد افراد نے بھی سوشل میڈیا پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آر ایس ایس نے طارق فتح کی موت پر باضابطہ بیان جاری کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔آر ایس ایس نے کیا کہا؟

آر ایس ایس کے نائب سربراہ دتاتریہ ہوسبولے نے اپنے بیان میں کہا، "شری طارق فتح ایک معروف مفکر، مصنف اور مبصر تھے۔ میڈیا اور ادب کی دنیا میں ان کے اہم تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ جو تاحیات اپنے اصولوں اور عقیدے پر قائم رہے اور ان کی ہمت اور یقین محکم کے ان کا ہمیشہ احترام کیا جائے گا۔”

آر ایس ایس کے رہنما نے اپنے بیان میں مزید کہا، "میری دلی تعزیت ان کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کے ساتھ ہیں، جو انہیں بہت یاد کریں گے۔ میں ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں اور آنجہانی کی روح کو سکون کے لیے دعا کرتا ہوں۔”

طارق فتح کی بیٹی نطاشہ نے ٹوئٹر کے ذریعہ ان کے انتقال کی اطلاع دی۔ نطاشہ نے طارق فتح کو "پنجاب کا بیٹا، بھارت کا بیٹا اور کینیڈا کا عاشق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے ایک "متحدہ بلوچستان ایک متحدہ کردستان، ایک آزاد ایران اور ایک خوبصورت دھرتی” کے لیے ہمیشہ آواز بلند کی۔

نطاشہ نے طارق فتح کو "سچائی کا علمبردار، انصاف کے لیے لڑنے والا، دبے کچلے اور پسماندہ لوگوں کی آواز” قرارد یتے ہوئے لکھا کہ ان سے محبت کرنے والے ان کے انقلاب کو جاری رکھیں گے، اور لوگوں سے سوال کیا کہ "کیا آپ ہمارا ساتھ دیں گے؟”

طارق فتح کو بالی ووڈ کا خراج عقیدت

بالی ووڈ میں دائیں بازو کے ہندو نظریات کے حامل متعدد اداکاروں نے طارق فتح کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انوپم کھیر نے انسٹا گرام پر لکھا،”اپنے دوست کے انتقال کی خبر سن کر میں غمزدہ ہوں۔ وہ دل سے ایک حقیقی بھارتی تھے، انتہائی بے خوف اور رحم دل انسان۔”

کنگنا رناوت نے طارق فتح کے رشتہ داروں اور مداحوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، "وہ اپنے اصولوں اور عقائد پر سختی سے قائم رہنے کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے۔ ان کی جرأت اور اعتماد کا ہمیشہ احترام کیا جائے گا۔”

اداکار رنویر شوری نے طارق فتح کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سب سے بہادر اورسمجھدار لوگوں میں سے ایک قرار دیا۔

‘کشمیر فائلز’ فلم کے ڈائریکٹر وویک اگنی ہوتری نے انہیں اپنا قریب ترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ "طارق فتح اپنی نوعیت کے صرف ایک اور واحد شخص تھے۔ وہ ایک جہاندیدہ مفکر، بہترین مقرر اور بے خوف جانباز تھے۔”

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading