لوک سبھا انتخاب 2024: پہلے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر ختم، 19 اپریل کو 102 سیٹوں کے لیے ڈالا جائے گا ووٹ

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران ریلیوں اور روڈ شو میں مصروف ہیں۔ اس درمیان آج شام 6 بجے پہلے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر کا عمل رک گیا۔ پہلے مرحلہ میں 21 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 102 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جسے بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ دراصل پہلا مرحلہ ٹرینڈ بنانے والا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے سبھی لیڈران نے آخر وقت تک خوب زور لگا کر انتخابی تشہیر کی۔

پہلے مرحلہ میں اروناچل پردیش کی 2، آسام کی 5، بہار کی 4، چھتیس گڑھ کی 1، مدھیہ پردیش کی 6، مہاراشٹر کی 5، منی پور کی 2، میگھالیہ کی 2، میزورم کی 1، ناگالینڈ کی 1، راجستھان کی 12، سکم کی 1، تمل ناڈو کی 39، تریپورہ کی 1، اتر پردیش کی 8، اتراکھنڈ کی 5، مغربی بنگال کی 3، انڈمان و نکوبار جزائر کی 1، جموں و کشمیر کی 1، لکشدیپ کی 1 اور پڈوچیری کی 1 سیٹ پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

واضح رہے کہ لوک سبھا کے پہلے مرحلہ کے لیے 16 مارچ کو پریس نوٹ جاری ہوا تھا۔ بعد ازاں 20 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 27 مارچ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی اور 28 مارچ کو اس کی اسکروٹنی کی گئی۔ امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ تھی۔

اب سبھی کو 19 اپریل کا انتظار ہے جب عوام حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ سبھی سات مراحل کی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان ایک ساتھ 4 جون کو کیا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading