ممبئی:مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکنا تھ شندے نے دیوالی اور پاڑوا کے موقع پر ریاست کی عوام، خاص طور پر عزیز بہنوں، بھائیوں، بزرگوں اور کسانوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے نیک خواہشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاڑوا کا دن سب کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور ترقی لے کر آئے۔
شندے نے امید ظاہر کی کہ کسانوں پر سے مصیبتوں کے بادل چھٹ جائیں اور ان کی زندگی میں بھی خوشیوں کے دن آئیں۔ اس موقع پر شندے نے اعلان کیا کہ "لाडکی بہن یوجنا کے تحت بہنوں کو بھائی دوج کا تحفہ ضرور ملے گا” اور یہ بھی واضح کیا کہ یہ اسکیم مستقل طور پر جاری رہے گی۔
ایک اہم مسئلے پر بات کرتے ہوئے شندے نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) پر پابندی لگانے کا بیان بدقسمتی کی بات ہے اور قابلِ مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس ایک محب وطن اور قوم پرست تنظیم ہے جو ہر مشکل وقت میں ملک کی خدمت کے لیے آگے آتی ہے۔
شندے نے مزید کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو فیصلہ لینے کا حق حاصل ہے اور مہایوتی (گٹھ بندھن) کی سیاسی پیش رفت پر اعتماد ظاہر کیا۔ ان کے مطابق، لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مہایوتی نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی مہایوتی کا بھگوا پرچم فخر سے لہرائے گا۔