’قومی پرچم زمین پر نہ پھینکیں‘، وزارت داخلہ نے ریاستوں سے کی فلیگ کوڈ آف انڈیا پر عمل کرنے کی گزارش

یومِ جمہوریہ کے پیش نظر پورے ملک میں حب الوطنی کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ جگہ جگہ ہندوستانی پرچم بازاروں میں فروخت ہوتے اور دکانوں میں ٹنگے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کئی بار یہ پرچم زمین پر گرے ہوئے بھی نظر آتے ہیں۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکزی وزارت داخلہ نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں سمیت حکومت ہند کی وزارتوں سے ’فلیگ کوڈ آف انڈیا‘ پر سختی سے عمل کرانے کی گزارش کی ہے۔

دراصل وزارت داخلہ نے ایک خط جاری کر سبھی ذمہ دار اداروں کو یہ یقینی بنانے کے لیے کہا ہے کہ ملک میں مختلف تقاریب پر عوام کے ذریعہ قومی پرچم لہرائے جاتے ہیں، ایسے میں تقاریب کے بعد انھیں زمین پر نہ پھینکا جائے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے پرچم کو ذاتی طور پر اس کے وقار کا خیال رکھتے ہوئے ہی نمٹایا جانا چاہیے۔ سبھی سرکاری دفاتر سے ترنگے کا احترام کرنے سے متعلق عوامی بیداری پروگرام چلانے کی بھی گزارش کی گئی ہے۔

اس خط میں وزارت نے لکھا ہے کہ ہندوستانی قومی پرچم ہمارے ملک کے لوگوں کی امیدوں اور خواہشات کی نمائندگی کرتا ہے اور اس لیے اسے احترام دینا چاہیے۔ قومی پرچم کے تئیں ہمہ جہت لگاؤ، احترام اور وفاداری دیکھنے کو ملتی ہے۔

پھر بھی قومی پرچم پر نافذ ہونے والے قوانین، رسوم و روایات سے متعلق لوگوں کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں و ایجنسیوں کے درمیان اکثر بیداری کی کمی دیکھی جاتی ہے۔ اس لیے لوگوں کو قومی پرچم کے تئیں بیداری لانی چاہیے۔ اس کے لیے سبھی ریاستوں کو قدم اٹھانا چاہیے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading