وسطی ایشیا کے ملک قزاقستان میں جمعہ کی صبح ایک مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس میں اب تک نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ایئر پورٹ حکام کے مطابق قزاقستان کی فضائی کمپنی بیک ایئر کا ایک مسافر طیارہ آلماتی کے ہوائے اڈے سے پرواز کرنے کے تھوڑی ہی دیر بعد زمین پر آ گرا۔طیارے میں 95 مسافر اور عملے کے پانچ اہلکار سوار تھے اور اس
کی منزل قزاقستان کا دارالحکومت نور سلطان تھی۔
ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ چکا ہے اور بچنے والوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 22 منٹ پر جہاز کی بلندی میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جہاز پہلے ایک پتھر کے بیریئر سے ٹکرایا اور پھر ایک دو منزلہ
عمارت میں جا لگا تاہم اس میں آگ نہیں لگی۔
جائے حادثہ کی فوٹیج میں ایک خاتون کو ایمبولینس کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں ریسکیو اہلکار بھی نظر آتے ہیں۔
جہازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائیٹ فلائیٹ ریڈار24 کا کہنا ہے کہ جہاز نے مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 21 منٹ پر اڑان بھری اور جہاز کی طرف سے آخری سگنل بھی اسی منٹ میں موصول ہوا۔
فلائیٹ ریڈار24 کے مطابق بیک ایئر فلائیٹ ایک فوکر 100 طیارہ تھا۔
تصویر کے کاپی رائٹTWITTER/@H_ARAM
Image caption
سوشل میڈیا سے لی گئی تصویر
حادثے کی تحقیقات کے لیے خاص کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
قزاقستان کے صدر قاسم جومارٹ ٹوکائیو نے متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
٭یہ خبر اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے٭