عیدالفطر کے موقع پر مبینہ طور پر دھماکے کی کوشش :کُل جماعتی وفد کی ایس پی اور کلکٹرسے ملاقات سخت ردِعمل ظاہر کیا

ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز ضلع ناندیڑ کے موضع واجے گاوں میں عیدالفطر کے پ±رمسرت موقع پر ایک نہایت تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں عیدگاہ سے نماز ادا کرکے واپس لوٹ رہے نمازیوں کے بڑے ہجوم کو نشانہ بنانے کی مبینہ خودکش دھماکے کی کوشش کی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے ایک بڑا جانی نقصان ٹل گیا۔


تفصیلات کے مطابق 21 مارچ کی صبح تقریباً 9 سے 10 بجے کے درمیان ایک نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر سوار ہوکر عیدگاہ کے قریب پہنچا اور اپنے جسم پر باندھے گئے مبینہ دھماکہ خیز مواد کے ساتھ ہجوم میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ سڑک پر ہی ہوگیا، جس کے باعث کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں ملوث دیگر افراد کے موقع سے فرار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے بعد پولیس اور سیکورٹی ایجنسیاں الرٹ ہو گئی ہیں اور علاقے میں تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔

واقعہ کے بعد ناندیڑ میں آج کل جماعتی وفد نے ایڈوکیٹ ایم زیڈ۔صدیقی کی قیادت میں ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار اور ضلع کلکٹر راہول کرڈیلے سے ملاقات کر کے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور ایک یادداشت پیش کی۔یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ اس حساس واقعہ کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ وفد نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اس سے قبل بھی ناندیڑ کے پاٹ بندھارے نگر علاقے میں اسی نوعیت کا واقعہ پیش آچکا ہے، جس میں مو¿ثر تفتیش نہ ہونے کے باعث ملزمان کو سزا نہیں مل سکی تھی۔شہریوں اور مقامی ذمہ داران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات اے ٹی ایس یا سی بی آئی کے ذریعے کروائی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

یہ واقعہ عوامی سلامتی کے حوالے سے کئی سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے اور انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔ اس وفد میں مجلس کے سابقہ ریاستی نائب صدر سید معین ‘ این سی پی کے ریاستی قائد محمدخان پٹھان ‘ کانگریس قائد شفیع احمد قریشی ‘صابرچاوس ‘ حبیب باوزیر ‘ مرزا مجد بیگ ‘فیروزخان لالہ ‘جمیل احمد (سرپنچ واجے گاوں)‘ رحیم احمدخان ‘ ناصر خطیب ‘ ایڈوکیٹ نصیرفاروقی ‘اعجازاحمد ‘ایڈوکیٹ شاہد ‘ایڈوکیٹ سلیم گیگانی ‘سرحان الکثیری ‘ سعیدباوزیر ‘ اور دیگر سماجی ‘ملی تنظیموں کے ذمہ دارن کے علاوہ واجے گاوں کے ساکنان بھی موجود تھے۔ ایس پی ابیناش کمار نے تقریبا دیڑھ گھنٹے تک وفد سے بات چیت کی اور اُن کے مسائل کوبغور سنا اور واجے گاوں معاملے میں جوبھی پیشرفت ہوئی ہے اسکی تفصیلی معلومات دیں ۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading