ظفریاب جیلانی کو اسپتال سے ملی چھٹی، برین ہیمریج کے بعد میدانتا میں چل رہا تھا علاج

سینئر وکیل اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی کو لکھنؤ واقع میدانتا اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ اسپتال کی جانب سے جاری میڈیکل رپورٹ کے مطابق 20 مئی کو اسپتال میں داخل کرائے جانے کے بعد 21 مئی کو ان کا سی ٹی اسکین کرایا گیا تھا جس سے پتہ چلا کہ ان کے دماغ کے اگلے حصے میں خون کا تھکّہ جمع ہوا ہے۔ وہ کورونا سے بھی متاثر پائے گئے تھے۔ میدانتا لکھنؤ کے نیورو سرجن کی ٹیم نے کامیاب سرجری کر کے ان کے دماغ سے جمے ہوئے خون کے تھکّے کو ہٹایا، پھر انھیں ونٹلیٹر پر آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ آج ظفریاب جیلانی کی طبیعت بہتر نظر آئی جس کے بعد انھیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔