نئی دہلی۔آئی آئی ٹی مدارس میں فیزکس میں پوسٹ گریجویٹ کررہے جرمن طالب علم جیکب لنڈینتھل پیر کو ایمسٹرڈم لوٹ گئے ۔ دراصل شہریت ترمیمی قانون کے خلاف گزشتہ ہفتہ ہوئے احتجاج میں شامل ہونے کی وجہ سے محکمہ امیگریشن نے انہیں وارننگ دی تھی ۔
جیکب نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے کچھ تصویریں پوسٹ کی تھیں ، جن میں وہ ہاتھوں میں نعرے لکھی تختیاں لئے نظر آرہے تھے ۔ سی اے اے کے خلاف احتجاج کرتے جیکب کی تصویریں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوگئی تھیں
اس سلسلہ میں چنئی میں امیگریشن افسران نے انہیں بتایا تھا کہ اس طرح احتجاج میں شامل ہونا ویزا قوانین کی خلاف ورزی گردانی جائے گی ۔ لنڈینتھل نے نیوز 18 کو بتایا کہ میرے ویزا کے ساتھ کچھ ایڈمنسٹریٹو پریشانیاں تھیں ، انہیں سلجھانے کے بعد امیگریشن افسران نے میرے سیاسی خیالات کو لے کر کافی سوالات کئے اور مجھے اس بارے میں ( ہندوستان چھوڑ کر واپس جانے ) بتایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ امیگریشن محکمہ نے انہیں نصف شب سے پہلے ملک چھوڑنے کیلئے کہا تھا اور ایسا نہیں کرنے پر انہیں ملک سے نکال دیا جاسکتا تھا