سی اے اے،این آر سی اور این پی آر کے خلاف حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی قرارداد منظور

حیدرآباد8فروری(یواین آئی)گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) ملک کی پہلی کارپوریشن بن گئی جس نے شہریت ترمیمی قانون،این آر سی اوراین پی آر پر عمل کے خلاف قرارداد منظور کی۔یہ قرارداد کارپوریشن کے جنرل باڈی اجلاس میں منظور کی گئی۔یہ اجلاس کارپوریشن کے بجٹ کی منظوری کے لئے منعقد کیاگیا تھا۔

ڈپٹی مئیر بابافصیح الدین نے کہاکہ مرکزی حکومت کا منصوبہ سی اے اے،این آرسی اور این پی آرپرعمل کا ہے جو دستور اورجمہوریت کے خلاف ہے۔سابق مئیر محمد ماجد حسین نے بھی اسی طرح کا خیال ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے پہلے ہی اس کی مخالفت میں اپنی رائے ظاہر کی اور کہاکہ تلنگانہ اسمبلی میں اس کے خلاف قرارداد منظور کی جائے گی۔اس موقع پر مئیرجی ایچ ایم سی بی رام موہن نے کہا کہ تلنگانہ سیکولر ریاست ہے اور تلنگانہ حکومت سیکولر ہے۔

انہوں نے کہاکہ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دیگر ریاستوں کے لئے مثال قائم کرتے ہوئے وزیراعلی نے منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا ”ہم جی ایچ ایم سی حدود میں این آرسی اور این پی آر سے متعلق کسی بھی قسم کے کام کا آغاز نہیں کریں گے“۔قبل ازیں مجلس کے کارپوریٹرس نے سی اے اے، این آرسی اوراین پی آرکے خلاف قرارداد منظور کرنے پر زوردیاتھا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading