سولا پور:16/ فروری ۔ (ورق تازہ نیوز)سولا پور میں آج ایک نہایت افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ کالج کے تین نوجوان ایک سڑک حادثے میں جان بحق ہو گئے۔ یہ تینوں دوست علی الصبح گھر سے نکلے تھے، مگر واپس نہ لوٹ سکے۔ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ان کی موت واقع ہوئی۔ جاں بحق نوجوانوں میں سے ایک گئو سیوک (گائے کی خدمت کرنے والا) تھا، جس کے باعث یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا یہ محض حادثہ ہے یا کسی سازش کا نتیجہ؟
پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر پنچنامہ کیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس واقعے سے تینوں خاندانوں پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے اور مکمل و غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یہ حادثہ سولہاپور شہر کے روپابھوانی ماتا مندر کے علاقے میں پیش آیا۔ علی الصبح تقریباً چار بجے نامعلوم گاڑی نے تینوں نوجوانوں کو ٹکر ماری۔ زوردار آواز سن کر مقامی لوگ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ شدید زخمی حالت میں تینوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، مگر اسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ دم توڑ چکے تھے۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کے باعث ملزم کی تلاش میں مشکلات پیش آنے کا اندیشہ ہے۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت ناگیش گونڈی، روہن پورے اور بسوراج چنشٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تینوں ایک ہی گاؤں کے رہنے والے اور ایک ہی کالج کے طالب علم تھے۔ ان میں سے ایک نوجوان کے گئو سیوک ہونے کی وجہ سے حادثہ یا ممکنہ سازش کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
آخر وہ علی الصبح کیوں نکلے؟
سب سے اہم سوال یہ ہے کہ تینوں نوجوان صبح سویرے گھر سے کیوں نکلے؟ انہیں کس ضرورت نے باہر جانے پر مجبور کیا؟ کیا کسی نے انہیں بلایا تھا؟ مقامی افراد کے ذہنوں میں یہ سوالات گردش کر رہے ہیں اور معاملے کی گہرائی سے جانچ کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔