سنی دعوتِ اسلامی نے انسانیت اور بھائی چارے کے پیغام کے ساتھ تھانے میں عید میلاد النبی ﷺ کا 1500واں جشن منایا
تھانے – (آفتاب شیخ)
سنی دعوتِ اسلامی شاخ تھانے کے زیرِ اہتمام حضرت محمد ﷺ کی 1500ویں یوم ولادت و عید میلاد النبیؐ کا جشن عقیدت و احترام کے ساتھ نہایت جوش و خروش میں منایا گیا۔ اس موقع پر یہ پیغام دیا گیا کہ ’’حضرت محمد ﷺ سب کے لیے ہیں‘‘۔ آپ ﷺ کسی ایک طبقے یا برادری، مذہب تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رہنما اور محسن ہیں۔
اس پرمسرت موقع پر تحریک سنی دعوت اسلامی شاخ تھانے کی جانب سے مختلف سماجی و فلاحی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا۔ مدارس کے طلبہ، علما اور عام شہریوں کے لیے دانتوں اور آنکھوں کا مفت میڈیکل کیمپ منعقد ہوا۔ خواتین کے لیے مہندی لگانے کا کیمپ رکھا گیا، غریبوں میں راشن تقسیم کیا گیا اور مختلف اسکولوں میں یومِ اساتذہ اساتذہ کرام کے ساتھ منایا گیا۔ اسی طرح سنی دعوتِ اسلامی کے عہدیداران نے سوامی وویکانند یتیم خانہ پہنچ کر بچوں میں پھل تقسیم کیے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
اس موقع پر مولانا آزاد اقلیتی فائنانشیل کارپوریشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اصغر مقادم نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروگرام سماج میں اتحاد، تعاون اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط کرتے ہیں۔ انہوں نے تحریک کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس جشن کو کامیاب بنانے میں سنی دعوتِ اسلامی کے نثار سیفی، رفیق شیخ، افسر مقادم، سلیل شاہ اور شاہ رخ خان پیش پیش رہے۔ اس موقع پر حیدر شیخ، کیف شیخ، نواز شیخ اور معین مقادم سمیت کئی شخصیات شریک ہوئیں۔
اختتام پر حاضرین نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات انسانیت، مساوات اور اخوت کا پیغام دیتی ہیں اور ان پر عمل پیرا ہونا ہی آپ ﷺ کو حقیقی خراجِ عقیدت ہے۔