سماج وادی پارٹی لوجہاد آرڈیننس کی مخالفت کرے گی:اکھلیش

لکھنؤ:28نومبر(یواین آئی) اترپردیش میں جمعہ کو ریاستی حکومت کے تبدیلی مذہب آرڈیننس پر گورنر کے دستخط اور اس قانون کے نافذ العمل ہونے کے محکمہ داخلہ کی نوٹس کے بعد ریاست کی مین اپوزیشن سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے کہا ہے کہ پارٹی اس متنازع قانون کی اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں مخالفت کرے گی۔اس سے قبل دن میں کابینہ کی جانب سے پیش کئے گئے آرڈیننس پر گورنر کے دستخط کے بعد محکمہ داخلہ نے نوٹس جاری کردیا تھا۔تاہم اس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ نیا آرڈیننس عوامی مفاد کے خلاف ہے اور یہ صرف عوام کو ہراساں کرنے کے لئے لایا گیا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہمارے پارٹی کے لیڈران اس قانون کی آنے والے اجلاس میں اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں مخالفت کریں گے۔بی جے پی کی مرکزی وریاستی حکومت کو عوام مخالف قرار دیتے ہوئے ایس پی سربراہ نے کہا کہ سماجو ادی پارٹی عوام کے درمیان جاکر انہیں بی جے پی کے نظریہ اور ان کی پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زدوکوب کیا جارہا ہے اور پوری بازار کو برباد کردیا گیا۔سماج وادی پارٹی کسانوں کے ساتھ ہے اور حکومت کے خلاف ان کی اس لڑائی میں ایس پی کسانو ں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ کہتی ہے کہ وہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرے گی لیکن اب وہ انہیں کسانوں کے تمام اختیارات چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔

ریاست میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ حکومت اپوزیشن لیڈروں کو ٹارگیٹ کررہی ہےاور ایس پی لیڈر اعظم خان و ان کے کنبے کے ساتھ حکومتی ہراسانی کی مثال سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ اعظم خان کہ واحد غلطی یہ ہے کہ انہوں نے رامپور میں نہایت خوبصورت اور بڑی یونیورسٹی تعمیر کرائی۔اور اب حکومت اس بنیاد پر یونیورسٹی کو منہدم کرنے کے در پے ہے کہ یونیورسٹی کا نقشہ منظور نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی کے لیڈران اپنے گھر کا نقشہ دکھا سکتے ہیں؟

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading