بی ایس پی کی زونل کوآرڈینٹروں اوراراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ میں اتوارکو مایاوتی نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ کھلیش یادو پرجم کرنشانہ سادھا۔ لوک سبھا الیکشن میں شکست کا ذمہ دار بھی مایاوتی نے اکھلیش یادو کی ہی ٹھہرا دیا۔ مایاوتی نے کہا کہ اکھلیش نے مجھے زیادہ مسلمانوں کو ٹکٹ دینے سے منع کیا تھا۔ انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ اس سے پولرائزیشن ہوگا اوربی جے پی کو فائدہ ہوگا۔
مایاوتی نے کہا کہ تاج کاریڈور والے معاملے میں مجھے پھنسانے کے پیچھے بی جے پی اورملائم سنگھ یادو کا ہاتھ ہے۔ اس کےعلاوہ سماجوادی پارٹی نے پرموشن میں ریزرویشن کی مخالفت کی تھی، اس لئے دلتوں اورپسماندہ طبقوں نے اسے ووٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کے ریاستی صدر آرایس کشواہا کو سلیم پور سیٹ سے سماجوادی پارٹی کے قانون ساز پارٹی کے لیڈر رام گووند چودھری نے ہرایا۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی کا ووٹ بی جے پی کو ٹرانسفرکروایا، لیکن اکھلیش یادو نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔