سادھو-سَنتوں سے متعلق متنازعہ بیان دینے والے اوشو کے بھائی سرسوتی نے مانگی معافی

مدھیہ پردیش کے برہان پور میں آچاریہ رجنیش اوشو کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر شیلندر سرسوتی نے سادھو-سَنتوں سے متعلق گزشتہ دنوں ایک متنازعہ بیان دے دیا تھا، جس پر انھوں نے اب معافی مانگی ہے۔ دراصل شیلندر سرسوتی نے ’جینا اسی کا نام ہے‘ عنوان سے تین روزہ کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ اس دوران انھوں نے ملک کے سادھو-سَنتوں کو پاکھنڈی بول دیا تھا۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا میں وائرل ہو گیا اور پھر ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔

سادھو-سَنتوں اور شہر کے لوگوں نے شیلندر سرسوتی کے خلاف نعرے بازی اور احتجاجی مظاہرہ بھی شروع کر دیا۔اس پورے معاملے میں شہر کے ڈاکٹر سوریہ کانت آنند دیکشت نے پولیس میں شکایت درج کرا دی۔ شہر کے سادھو سَنتوں نے بھی اس متنازعہ بیان پر اپنا احتجاج درج کرایا۔ انھوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے بنگلے پر پہنچ کر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اپنے خلاف پیدا ہو رہے حالات کو دیکھتے ہوئے اب شیلندر سرسوتی نے متنازعہ بیان کے لیے معافی مانگی ہے۔ مشہور سَنت آچاریہ رجنیش کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر شیلندر سرسوتی نے یہ معافی ایک ویڈیو پیغام جاری کر مانگی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شیلندر سرسوتی نے کہا ہے کہ ’’جیسے کہ دنیا میں اچھے لوگ ہوتے ہیں، برے لوگ بھی ہوتے ہیں۔ اچھے سادھو سَنت بھی ہوتے ہیں، برے سادھو سَنت بھی ہوتے ہیں۔ وہ خود ڈاکٹر ہیں۔ اگر کوئی ڈاکٹر کے بارے میں پوچھے تو ان کا کہنا ہوگا کہ کچھ اچھے ڈاکٹر بھی ہیں اور کچھ برے ڈاکٹر بھی ہیں۔ اسی کو لے کر سادھو سَنتوں کے بارے میں بھی یہ بات کہی ہے۔‘‘

ساتھ ہی انھوں نے ویڈیو میں کہا کہ ’’ان کی بات کا کوئی غلط مطلب نہیں تھا۔ پھر بھی ان کی بات سے کسی کو ٹھیس پہنچی ہے تو ان سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔‘‘ شیلندر سرسوتی نے یہ بھی کہا کہ آگے سے وہ سادھو سَنتوں سے متعلق بیان دیتے وقت احتیاط سے کام لیں گے۔