ناندیڑ. 15دسمبر (حیدر علی):دیگلور-ناندیڑ روڈ پر کنٹور پاٹی کے قریب پنچوٹی ہوٹل کے سامنے ہفتہ کی دیر رات ایک دلخراش حادثہ پیش آیا۔ دیگلور سے ناندیڑ کی طرف جا رہے ایک آٹو (MH 26 BD 8036) کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دو افراد کی موت ہو گئی اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ مہلوکین کی شناخت اعجاز خان بنے خان (عمر 42 سال، ساکن کھڑک پورہ، ناندیڑ) اور محمد افسر (ساکن بانسواڑہ، ضلع نظام آباد، تلنگانہ) کے طور پر ہوئی ہے،

جبکہ زخمی شخص افسر خان بنے خان (عمر 38 سال، ساکن کھڑک پورہ، ناندیڑ) ہیں۔ یہ تمام افراد تھیلیوں کے کاروباری تھے اور ہفتہ کے دن دیگلور بازار میں تھیلیاں فروخت کرنے کے لیے گئے تھے۔
بازار ختم کر کے ناندیڑ واپس آتے وقت یہ حادثہ پیش آیا۔حادثے کی اطلاع جیسے ہی کھڑک پورہ میں پہنچی محلے کے نوجوان اور سماجی کارکن فوراً متحرک ہو گئے۔ زخمی کو فوری طور پر مقامی نوجوانوں کی مدد سے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیاجہاں ان کا علاج جاری ہے۔

کچھ افراد نے موقع پر پہنچ کر پولیس کی مدد کی اور مہلوکین کی لاشوں کو وشنوپوری کے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔پولیس کو حادثے کی اطلاع رات 11:45 بجے ملی جس کے بعد پولیس انسپکٹر اور ان کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ آٹو کو سڑک کے کنارے ہٹا کر ٹریفک بحال کیا گیا۔ حادثے کے بعد کھڑک پورہ علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کنٹور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔