دہلی میں ووٹر لسٹ پر تنازع، انتخابی کمیشن نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں

نئی دہلی: دہلی میں 2025 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی کے دوران عام آدمی پارٹی (عآپ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد انتخابی کمیشن نے دہلی کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) کو ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ہدایات میں زور دیا گیا ہے کہ ووٹر لسٹ کی تیاری میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو دور کیا جائے۔

عاپ کے ایک وفد نے انتخابی کمیشن سے ملاقات کے دوران یہ دعویٰ کیا تھا کہ دہلی میں بڑی تعداد میں درست اور قانونی ووٹرز کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے جا رہے ہیں اور اس عمل میں بی جے پی کے دباؤ کا کردار ہے۔ دوسری طرف، بی جے پی نے مطالبہ کیا تھا کہ ووٹر لسٹ سے غیر قانونی تارکین وطن اور ‘گھوسٹ ووٹرز’ کے نام فوری طور پر ہٹائے جائیں

ان شکایات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے دہلی کے چیف الیکشن آفیسر کو حکم دیا ہے کہ وہ انتخابی قوانین اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ووٹر لسٹ سے کسی کا نام ہٹانے کا عمل صرف انتخابی رجسٹریشن افسر (ای آر او) کے مقررہ تصدیقی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔ خاص طور پر ان پولنگ مراکز پر جہاں ووٹر لسٹ سے نام ہٹانے کی شرح 2 فیصد سے زیادہ ہو یا جہاں کسی ایک فرد کی طرف سے 5 یا اس سے زیادہ اعتراضات درج کیے گئے ہوں۔

انتخابی کمیشن نے دہلی کے الیکشن آفس کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ دعوؤں اور اعتراضات کی فہرستیں سیاسی جماعتوں کے ساتھ باقاعدگی سے شیئر کی جائیں اور ان فہرستوں کو دہلی کے سی ای او کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ عوام اور سیاسی جماعتوں کو مکمل معلومات تک رسائی حاصل ہو۔

انتخابی کمیشن کا مقصد ہے کہ ووٹر لسٹ میں موجود فہرست کو درست اور شفاف بنایا جائے۔ اس عمل کے تحت، غیر قانونی یا غلط اندراجات کو کم سے کم کرنے اور اہل ووٹرز کے نام کسی غلطی کے تحت حذف ہونے سے بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انتخابی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اس لیے ضروری ہیں تاکہ دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹ میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔ کمیشن نے یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ تمام اعتراضات کو شفاف طریقے سے حل کیا جائے گا اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ ووٹر لسٹ کو کسی بھی سیاسی دباؤ یا جانبداری سے آزاد رکھا جائے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading