دہلی فسادات کے ملزم شرجیل امام کو کڑکڑڈوما کورٹ نے پیر کے روز ایک بڑی راحت دینے کا فیصلہ کیا۔ عدالت نے شرجیل امام کو اپنے بھائی کی شادی میں شامل ہونے اور بیمار ماں کی دیکھ بھال کے لیے 10 دنوں کی عبوری ضمانت دی ہے۔ کئی سالوں سے قید و بند کی صعوبت برداشت کر رہے شرجیل امام کے لیے یہ فیصلہ بہت اہم ہے، کیونکہ وہ کچھ وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزار پائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپئی کی عدالت نے شرجیل امام کو 20 مارچ سے 30 مارچ تک عبوری ضمانت دی ہے۔ شرجیل امام نے عدالت میں عرضی داخل کر 10 دنوں کی عبوری رِہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی طرف سے وکیلوں نے دلیل دی کہ ان کے اپنے بھائی کی جلد ہی شادی ہونے والی ہے، ایسے میں گھر والوں کے درمیان ان کی موجودگی ضروری ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی ماں کی طبیعت ناساز ہے، جن کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی دوسرا نہیں۔