خلیج بنگال میں تیار ہو رہا گردابی طوفان ’گلاب‘، اڈیشہ اور آندھرا ہوگا سب سے زیادہ متاثر

کچھ مہینوں قبل یاس طوفان نے ملک کے ساحلی حصوں میں خوب تباہی مچائی تھی، اور اب خلیج بنگال میں ایک اور طوفان تیار ہو رہا ہے۔ اس طوفان کا نام ’گلاب‘ ہے، اور یہ نام پاکستان نے دیا ہے۔ مشرق وسط بنگال کی خلیج سے یہ طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ فی الحال یہ طوفان ڈپریشن کی شکل میں ہے۔

شمال مغرب بنگال کی خلیج میں یہ ڈپریشن آج دیر شام تک گردابی طوفان کی شکل اختیار کر لے گا جس کے آندھرا پردیش اور اڈیشہ سے ٹکرانے کے آثار ہیں۔ یہ گردابی طوفان جنوبی اڈیشہ اور شمالی آندھرا پردیش سے ٹکرا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق اس کا سب سے زیادہ اثر اڈیشہ کے گوپال پور سے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم کے درمیان ہوگا۔ گردابی طوفان ’گلاب‘ کا لینڈ فال آندھرا پردیش کے کلنگ پٹنم میں ہو سکتا ہے۔