جوشی مٹھ میں لینڈ سلائڈنگ کے سبب 1000 سے زیادہ عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 1200 گھر ہائی رِسک میں آ گئے ہیں۔ پہاڑ پر 14 پاکیٹ ایسے ہیں جہاں پر یہ سبھی گھر بنے ہیں اور رہنے کے لحاظ سے محفوظ نہیں ہیں۔ ہائی رِسک زون میں آ رہی عمارتوں کے لیے نقشہ تیار کیا گیا ہے۔ ہائی رِسک زون میں آئی ان عمارتوں میں رہائشی اور کمرشیل عمارتیں شامل ہیں۔
ہائی رِسک زون میں آئی یہ سبھی عمارتیں نگر پالیکا کے چار وارڈوں میں ہیں جہاں زمین دھنس گئی ہے۔ یہاں سب سے زیادہ لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے جس کے سبب کئی کنبے نقل مکانی کو مجبور ہوئے ہیں۔ سی بی آر آئی نے ہائی رِسک زون میں آ رہی ان عمارتوں کا نقشہ تیار کیا ہے اور ان مکانات میں رہنے والوں کی بازآبادکاری کی سفارش حکومت سے کی گئی ہے۔ سی بی آر آئی کی اس سفارش کے بعد یہ طے ہے کہ ہائی رِسک زون میں آئے ان گھروں کو منہدم کیا جانا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ جوشی مٹھ میں گزشتہ سال ہوئی لینڈ سلائڈنگ کے بعد مختلف تکنیکی اداروں کی طرف سے الگ الگ سطح پر تکنیکی جانچ کی تھی۔ سی بی آر آئی روڑکی کے سائنسدانوں کی طرف سے پہاڑ پر بنے مکانات کی دراڑوں اور زمین میں آئی دراڑوں کی بنیاد پر خطرے کا اندازہ کیا تھا۔