جمعہ کو تھانے شہر میں سی اے اے کے خلاف دستخطی مہم ہزاروں فرزند ان توحید نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا

جمعہ کو تھانے شہر میں سی اے اے کے خلاف دستخطی مہم
ہزاروں فرزندان توحید نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا
تھانے (آفتاب شیخ)
شہریت ترمیمی ایکٹ(CAA) ظالمانہ طریقہ پر ملک کے باشندوں پر مسلط کیا گیا ہے، جسے ملک کے باضمیر لوگوں نے مسترد کردیا ہے، اس ایکٹ کے خلاف پر امن اور جمہوری طریقہ پر احتجاج مظاہروں کو طاقت کے بل پر روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، اس ضمن میں اس ایکٹ کے خلاف مضبوط آواز بلند کرنے اور ظالمانہ اور پر تشدد کاروائی کی مذمت کرنے کیلئے ’’رضا اکیڈیمی، ممبی‘‘ کی جانب سے حضور معین ملت حضرت سید معین الدین اشرف معین میاں قبلہ کی سرپرستی میں دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے اس کی کڑی جوڑتے ہوے سنی اتحاد تھانے شہر نے 10؍ جنوری بروز جمعہ بعد نماز جمعہ سے تھانے میں دستخطی مہم کا آغاز کیا ہے۔ شہر کی تمام مساجد کے باہرنماز جمعہ کےبعد کاونٹر پر کارکنان اور شہر کے مساجد اور اداروں کےذمہ دار حضرات دستخطی فارم کے ساتھ موجود تھے جس میں رابوڑی کی مومن پورہ جمعہ مسجد، مسجد اشرفیہ، مسجد نور و دیگر مساجد کے باہر ہزاروں فرزندان توحید نے اس دستخطی مہم میں حصہ لیا۔رابوڑی کے علاوہ شہر کے مہاگیری، حضوری، واگلے اسٹیٹ، کاسار وڑولی ویگر علاقوں میں بھی دستخطی مہم چلائی گئی۔ واضح ہوکہ دستخط شدہ فارم صدرجمہوریہ کوبھیجےجائیں گے۔ احمد شاہ بابا ہال رابوڑی تھانے میں خواتین کے لیے بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جہاں مستورات نے بھی بھاری تعداد میں حصہ لیا۔ سنی اتحاد تھانے کے ذمہ داران نے بتایا کہ یہ مہم اتوار کے روز بھی ناکہ، گلی محلوں میں چلائی جائے گی لھذا تمام ہی لوگوں سے گزارش ہے کہ اس فارم پر دستخط کرکے ملی بیداری کا ثبوت دیں۔ اداروں کے ذمہ داروں سے بھی گزارش ہےکہ وہ اس سلسلےمیں بھرپور تعاؤن کریں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading