جمشیدپور( ایم ندیم احسن،)26/ دسمبر 2019 کو سمودھان بچاؤ سنگھرش سمیتی کے زیر اہتمام گاندھی میدان میں احتجاجی جلسۂ عام کی زبردست کامیابی کے بعد سمیتی نے این آر سی(NRC)، سی اے اے(CAA) اور این پی آر (NPR) کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے تین روزہ دھرنے کا آغاز آج بتاریخ 30/دسمبر 2019 سے کر دیا ہے اور یہ دھرنا ایک جنوری 2020 تک جاری رہے گا۔
سمیتی کے آرگنائزر مشہور عالم دین سید سیف الدین اصدق نے کہا کہ مذکورہ کالا قانون ایک جمہوری ملک کی پیشانی پر بدنما داغ ہے اور اس کالے قانون کی وجہ سے پوری دنیا میں ہندوستان کا وقار مجروح ہوا ہے اور ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مذکورہ قانون مذہبی بھائی چارہ اور امن و امان کے لیے شدید خطرہ ہے۔اس کے ساتھ ہی یہ ملک میں تفریق و انتشار اور تقسیم کا سبب ثابت ہوگا، جس کو ہندوستانی عوام نے 1947٫ میں نکار دیا تھا۔لہذا ضروری ہے کہ مذکورہ کالے قوانین کے خلاف انصاف پسند عوام پرزور صداے احتجاج بلند کریں۔
اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ صدر جمہوریہ،وزیر اعظم اور عدالت عظمی کے منصف اعلی ان کالے قوانین کی زہرناکی کا احساس کریں اور انھیں فوراً واپس لینے کے لیے اقدامات کریں۔