نئی دہلی، 04 اپریل (یو این آئی) حکومت نے آج کہا کہ کورونا وائرس سے مقابلے میں تبلیغی جماعت اور اس سے منسلک 22 ہزار سے زیادہ افراد کا پتہ لگا کر انھیں بحسن و کامیابی قرنطینہ کر دیا گیا ہے ۔ اسے یقین ہے کہ لاک ڈاؤن اپنے مقصد میں کامیاب ہوگا اور کورونا وائرس کے چین کو توڑنے میں کامیابی ملے گی۔ کورونا وبا پر قابو پانے کے مقصد سے جاری کوششوں کے بارے میں مرکزی حکومت کی باضابطہ پریس بریفنگ میں یہ دعویٰ کیا گیا۔
وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری پونیہ سلیلا شریواستو نے صحافیوں کو بتایا کہ تبلیغی جماعت کے بارے میں حکومت نے بڑے پیمانے پر کاروائی کرکے تقریباً 22 ہزار جماعت کے کارکنان اور ان کے رابطے میں آنے والے افراد کو قرنطینہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا،’مجھے امید ہے کہ لاک ڈاؤن کامیاب ہوگا اور ہم سب مل کر کووِڈ-19کی چین کو توڑنے میں کامیاب ہوں گے۔ صحت اور خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے تبلیغی جماعت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں کووِڈ-19 کے کل پازیٹیو کیسز میں سے ایک تہائی معاملے تبلیغی جماعت سے منسلک ہیں۔ تبلیغی جماعت کے کارکنان اور ان کے رابطے میں آنے والے افراد کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے 1023 افراد کو پازیٹیو پایا گیا ہے جو 17 ریاستوں سے ہیں۔ یہ ریاستیں تملناڈو، دہلی، آندھراپردیش، تلنگانہ، اترپردیش، راجستھان، جموں و کشمیر، آسام، کرناٹک، انڈمان نیکوبار، اتراکھنڈ، ہریانہ، مہاراشٹر، ہماچل پردیش، کیرلا، اروناچل پردیش اور جھارکھنڈ ہیں۔
مسٹر اگروال نے کہا کہ ملک میں کووِڈ-19 کے ٹیسٹ کی استعداد وصلاحیت میں دن بہ دن بہتری ہو رہی ہے۔ ایک ہفتہ پہلے کی شرح پانچ ہزار یومیہ تھی جو اب دس ہزار یومیہ ہو گئی ہے۔ شروعات میں محض ایک لیبارٹری میں ٹیسٹ ہو رہا تھا لیکن اب 100 سے زیادہ لیبارٹریز میں اس کا ٹیسٹ ہو رہا ہے۔ پرائیویٹ لیبارٹریز کو بھی اس سے مربوط کیا گیا ہے۔ملک میں فی الحال ہونے والے ٹیسٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر افسران نے بتایا کہ تقریباً 75 ہزار کا ٹیسٹ کیا گیا ہے۔ دوسری اور تیسری بار ٹیسٹ کے معاملے بہت کم ہیں۔
افسران نے بتایا کہ کووِڈ19 کے ٹیسٹ اور علاج کے لیے ضروری آلات وغیرہ کی خریداری میں تیزی آئی ہے اور جیسے جیسے سپلائی ہورہی ہے، انھیں ریاستوں کو بھیجا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت نے ریاستوں کو مختلف مد میں انتظام و انصرام کے لیے 1192 کروڑ روپیے کی رقم کل ہی رلیز کر دی ہے۔