سری نگر:عامر خان کی فلم دنگل سے مشہور ہوئی اداکارہ زائرہ وسیم نے بالی ووڈ میں کچھ ہی فلموں میں کام کیا ہے ، لیکن اپنی اداکاری سے انہوں نے کافی تعریفیں حاصل کیں ، لیکن جیسے ہی زائرہ وسیم نے بالی ووڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تو ان کے اس فیصلہ کے بارے میں جان کر ہر کوئی حیران رہ گیا ۔ کئی لوگوں نے اس کو مذہب سے جوڑ کر بھی دیکھا اور ان کے اس طرح سے بالی ووڈ چھوڑنے پر طرح طرح کے سوالات بھی کئے ، لیکن انہوں نے ان سب پر کبھی کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ۔ تاہم حال ہی میں زائرہ وسیم نے ایک ٹویٹ کیا ہے ، جو سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ مانا جارہا ہے کہ زائرہ وسیم کا یہ ٹویٹ بین الاقوامی پہلوان ببیتا پھوگاٹ کو جواب ہے ۔
دراصل حال ہی میں ببیتا پھوگاٹ نے کورونا وائرس پر ایک ٹویٹ کرتے ہوئے تبلیغی جماعت پر نشانہ سادھا تھا ۔ ببیتا کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا اور انہیں جم کر ٹرول کیا جانے لگا ، جس کے بعد ببیتا پھوگاٹ پھر سامنے آئیں اور کہا کہ انہیں فون پر دھمکیاں دی جارہی ہیں ۔ بیبا پھوگاٹ نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے زائرہ وسیم کو بھی اس معاملہ میں گھسیٹ لیا اور کہا کہ وہ زائرہ وسیم نہیں ہیں ، جو ان دھمکیوں سے ڈر کر گھر بیٹھ جائیں گی ۔ وہ ہمیشہ لڑتی رہیں گی ۔
ایسے میں زائرہ وسیم نے ایک ٹویٹ کیا ہے ، جس کو زائرہ کا ببیتا پھوگاٹ کو جواب سمجھا جارہا ہے ۔ زائرہ وسیم نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے غرور سے اپنی جہالت کو مضبوط نہ ہونے دیں ۔ جب آپ سچ کی تلاش کرتے ہیں تو عاجزی و انکساری سے تلاش کریں ۔ زائرہ وسیم کے اس ٹویٹ پر اب لوگ جم کر اپنا رد عمل ظاہر کر رہے ہیں اور ان کی تعریف کررہے ہیں ۔