پاکستان : تبلیغی جماعت میں شامل چینی باشندے میں کورونا کی تصدیق

کراچی: کراچی محکمہ صحت حکومت سندھ نے حیدر آباد کے تبلیغی مرکز میں موجود چینی شہری سمیت تبلیغی جماعت کے چار ارکان کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ کراچی میں مزید آٹھ افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

پاکستانی صوبائی محکمہ صحت کی ترجمان میران یوسف کی جانب سے سنیچر کی شام سات بجے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج کراچی میں آٹھ جبکہ حیدرآباد میں چار نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار سو 69 ہوگئی ہے۔

میران یوسف نے اردو نیوز کو بتایا کہ تبلیغی جماعت کے ممبران کا سول ہسپتال حیدرآباد اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جن میں چار کی رپورٹ مثبت آئی، جس میں ایک چینی شہری بھی شامل ہے۔

اطلاعات کے مطابق چینی شہری وزٹ ویزے پر پاکستان آیا تھا اور تبلیغی جماعت کے ساتھ شامل ہوگیا تھا، رپورٹ مثبت آنے کے بعد چینی شہری سے تعلق میں آئی جماعت کے 12 افراد کے بھی ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میں کورونا وائرس کا شکار مریضوں کو علاج کی غرض سے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ حیدرآباد کے تبلیغی مرکز کو ہی ‘میک شفٹ’ قرنطینہ مرکز بنا دیا گیا ہے اور تبلیغی جماعت کے تمام ممبران کو وہیں حفاظتی تدابیر کے ساتھ محدود رکھا جا رہا ہے۔ بشکریہ اردو نیوز سعودی

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading