حیدرآباد19نومبر(یواین آئی) تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ گریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)انتخابات میں مئیر کا عہدہ ان کی پارٹی حاصل کرے گی۔انہوں نے شہر حیدرآباد میں پارٹی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب متاثرین میں امداد کی رقم کی تقسیم کو روکنے کا الزام حکمران جماعت ٹی آرایس لگارہی ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ان کی فرضی دستخط سے اس سلسلہ میں مکتوب جاری کیاگیاہے۔انہوں نے وعدہ کیا کہ ان انتخابات میں کامیابی کے بعد سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے گی۔متاثرین کا جتنا نقصان ہوا ہے اتنے نقصان کی بھرپائی بی جے پی کرے گی۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں جناسینا کے ساتھ کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔