بی جے پی حکومت بنگال کو ٹارگیٹ کررہی ہے
جھوٹے پروپیگنڈہ کے تحت ممتا بنرجی کو بدنام کیا جارہاہے: مولانا صدیق اللہ چودھری
_دیوبند:(سمیر چودھری)_
ٹی ایم سی حکومت میں وزیر اور جمعیة علماءبنگال کے صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے کہاکہ مرکزکی بی جے پی حکومت بنگال کو ٹارگیٹ کرکے کام کررہی ہے، مغربی بنگال ملک کی پہلی ایسی ریاست ہے جو سخت ترین حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے ،وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کسی بھی صورت میں بنگال کے حالات خراب نہیں ہونے دیگیں ،انہوں نے کہاکہ بنگال ایک سیکولر صوبہ ہے، جہاں بی جے پی اور آر ایس ایس کے غنڈ ے ماحول خراب کررہے ہیں لیکن ہمارا مقصد صوبہ میں امن و امان اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنا ہے۔ ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور ممتا بنرجی حکومت میں ماس ایجوکیشن،پارلیمانی امور اور لائبریری سروسز کے وزیر مولانا صدیق اللہ چودھری آج یہاں مدنی منزل میں جمعیة علماءہند کے صد سالہ پروگرام کی تیاریوں سے متعلق مقامی نامہ نگاروں سے گفتگو کررہے تھے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بی جے پی ترنمول کانگریس کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلارہی ہے اور اسی پروپیگنڈہ کے تحت وہ بنگال حکومت کو بدنام کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی سے ہر طبقہ پریشان ہے،مگر اس نے مذہب کے نام پر ایک طبقہ کو ذہنی یرغمال بناکر ووٹ حاصل کیا ،جس میں ای وی ایم کا بھی بڑا کمال ہے، لیکن آئندہ اسمبلی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر ترنمول کانگریس بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور بی جے پی کو بنگال میں کچھ حاصل نہیں ہوگاہے کیونکہ بی جے پی کی پالیسی کو بہت اچھی طرح لوگ سمجھ چکے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بنگال حکومت مودی سرکار کے غیر آئینی امور کو قطعی برداشت نہیں کریگی اور ان کے خلاف ہر ممکن اقدامات کریگی ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی جھوٹے وعدوں اورجملہ کی سرکار ہے جبکہ ٹی ایم سی ہمیشہ عوام کے مفاد کے تحت کام کرتی ہے اور اپنے تمام وعدوں کو پورا کرتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بنگال کے حالات اترپردیش سے بالکل مختلف ہیں آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد وہاں بی جے پی کاوجود بھی نہیںبچ پائیگا۔انہوں نے کہاکہ حال میں امریکہ سے خبر آئی ہے ہندوستان میں بجرنگ دل دہشت گردی تنظیم ہے۔ مولانا صدیق اللہ چودھری نے کہاکہ وزیر داخلہ نے خط لکھ کربنگال کے مدارس پر دہشت گردی کاالزام لگایا تھا،جس پر ممتا بنرجی نے تحریری جواب میں کہاکہ بنگال کے کسی ایک مدرسہ میں بھی دہشت گردی کا کوئی ثبوت نہیں ہے ،جس پر وہاں کی تمام اپوزیشن پارٹیاں متحد ہیں۔ اس دوران جمعیة علماءہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، مہاراشٹر کے صدر مولانا ندیم صدیقی، صوبائی سکریٹری

مولانا محمد مدنی،ضلع نائب صدر مولانا فرید مظاہری،سید ذہین احمد، مولانا ابراہیم قاسمی وغیرہ موجودرہے۔
.