ناندیڑ:16 جولائی۔( ورق تازہ نیوز)شہرناندیڑبی جے پی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ ناندیڑ اردو گھر کوسابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے نام سے معنون کیاجائے ۔ واضح ہو کہ 14 جولائی کو اردوگھر کی افتتاحی تقریب میں مہاراشٹر کے وزیراقلیتی ترقیات و اوقاف نے اپنی تقریر میں اردو گھر کومعروف عالمی شہرت یافتہ ادکاردلیپ کمار (یوسف خان) کے نام سے معنون کرنے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔
یہ تجویزسابق وزیر مہاراشٹر عارف نسیم خان نے اپنی تقریرکے دورن پیش کی تھی۔ تجویز کی وزیرتعمیرات عامہ وناندیڑ کے سرپرست وزیر اشوک راوچوہان نے بھی تائید وحمایت کی تھی۔یہ تجویز متعلقہ وزارت کے اجلاس میںرکھی جائے گی اور پھر اس پر منظوری کی مہرثبت ہوگی ۔ اس کے بعد ضلع کلکٹر کو ہدایت جاری کی جاسکتی ہے ۔ دلیپ کمارنے اردو میڈیم سے میٹرک کاامتحان پاس کیاتھا وہ بڑی خوبصورت اردو بولتے تھے ۔اس لے ان کے نام کی تجویز رکھی گئی تھی ۔لیکن بی جے پی کے شہرضلع صدر پروین سالے نے دلیپ کمار کے نام کی مخالفت کی ہے۔