پولیس نے یوٹیوبر اور گلوکار ایلویش یادیو کو ریو پارٹی میں سانپ کا زہر سپلائی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ایسے ثبوت ملے تھے کہ ایلویش اور ان کے ساتھی ریو پارٹیوں میں سانپ کا زہر فروخت کیا کرتے تھے لیکن پولیس نے انھیں اس وقت گرفتار کیا جب فرانزک لیباریٹریز کے تجزیے کے بعد سانپ کے زہر کی تصدیق کی رپورٹ آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایلویش نے اس معاملے سے کوئی تعلق ہونے سے انکار کیا تھا لیکن اب انھوں نے مبینہ طورپر اس کا اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے سانپ کے زہر کا انتظام کیا تھا۔انھیں مزید تفتیش کے لیے 14 دن کے عدالتی ریمانڈ میں لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں جانوروں کے تحفظ کی ایک این جی او کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے دلی کے نواح میں ایک بینکویٹ ہال پر چھاپہ مارا تھا۔پولیس نے سانپ کا زہر فراہم کرنے کے لیے اس پارٹی سے پانچ افراد کو حراست میں لیا تھا، جن میں چار سپیرے بھی شامل تھے۔
اس پارٹی سے کوبرا سمیت نو زہریلے سانپ بھی برآمد کیے گئے تھے۔ فرانزک رپورٹ میں پارٹی سے حاصل کیے گئے نمونوں میں کوبرا اور کریٹ سانپ کے زہر کی تصدیق ہو گئی ہے۔26 سالہ گلوکار اور یوٹیوبر ایلویش یادیو پر الزام ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں میں سانپ کے زہر کا انتظام کرتے تھے اور اپنی ویڈیوز میں بھی زندہ سانپوں کا استعمال کرتے تھے۔
گرفتار کیے گئے سپیروں نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ مبینہ طور پر ایلویش یادیو کے ذریعے منظم کی گئی پارٹیوں میں سانپ کے زہر سپلائی کیا کرتے تھے۔