بریکینگ نیوز : گیان واپی معاملہ، ہندووں کے حق میں ، اگلی سماعت 22 ستمبر کو ہوگی

وارانسی ڈسٹرکٹ جج کورٹ نے گیان واپی-سرنگر گوری معاملے میں بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے مسلم فریق کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ قابل سماعت ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 22 ستمبر کو ہوگی۔

وارانسی کی ضلع عدالت نے گیان واپی مسجد اور شرنگار گوری معاملے پر آج ایک انتہائی اہم فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ اس تعلق سے عرضی قابل سماعت ہے۔ ساتھ ہی ضلع عدالت نے اس پر سماعت کے لیے آئندہ 22 ستمبر کی تاریخ مقرر بھی کر دی ہے۔ مسلم فریق کے لیے وارانسی کی ضلع عدالت کا یہ فیصلہ زبردست جھٹکا ہے، کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ 1991 کے ’پلیسز آف وَرشپ ایکٹ‘ کے مطابق یہ عرضی قابل سماعت ہے ہی نہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق عدالت کا کہنا ہے کہ وارانسی-گیان واپی احاطہ کو لے کر داخل مقدمہ نمبر 2021/693 (2022/18) راکھی سنگھ بنام اتر پردیش اسٹیٹ، مذکورہ مقدمہ عدالت میں سماعت کے قابل ہے۔ اس کے ساتھ ہی جج نے انجمن انتظامیہ مسجد کمیٹی کے ذریعہ داخل کردہ 11/7 کی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔

ضلع جج اجئے کرشن وشویش نے جب فیصلہ سنایا تب ہندو فریق کے وکیل ہری شنکر جین اور وشنو جین اس دوران موجود تھے۔ اس کے علاوہ 5 عرضی گزار خواتین میں سے 3 (لکشمی دیوی، ریکھا آریہ اور منجو ویاس) بھی پہنچی ہوئی تھیں۔ راکھی سنگھ اور سیتا ساہو عدالت نہیں پہنچیں۔ کورٹ روم میں فریقین اور ان کے وکلاء سمیت تقریباً 40 لوگوں کو ہی داخلہ ملا تھا۔ کورٹ روم سے تقریباً 50 قدم دور پر ہی باقی لوگوں کو روک دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 18 اگست 2021 کو ’وشو ویدک سناتن سنگھ‘ کے سربراہ جتیندر سنگھ وشئے کی قیادت میں راکھی سنگھ سمیت پانچ خواتین نے سول جج سینئر ڈویژنل روی کمار دیواکر کی عدالت میں ایک مقدمہ داخل کیا تھا۔ مقدمہ میں پانچ خواتین نے مطالبہ کیا تھا کہ گیان واپی احاطہ واقع ماں شرنگار گوری کے مندر میں مستقل دَرشن اور پوجا کی اجازت ملے۔ اس عرضی پر گزشتہ 23 اگست کی سماعت میں دونوں فریقین کی بحث پوری ہو گئی تھی۔ دونوں فریقین کی بحث سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading