نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کا بدھ کے روز انتقال ہوگیا۔ وہ کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ سریش انگاڈی کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر ریل پیوش گوئل، راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ جیوترادتیہ سندھیا اور راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت، راجستھان کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے ٹوئٹ کرکے مرکزی وزیر سریش انگاڈی کے لئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے سریش انگاڈی کو کورنا سے متاثر ہونے کے بعد دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کیا گیا تھا، جہاں آج رات تقریباً 8 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 65 برس تھی۔ پسماندگان میں بیوی اور دو بیٹیاں ہیں۔ 11 ستمبر کو کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد انہیں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ رات تقریباً آٹھ بجے انہوں نے آخری سانس لی۔