مدورئی، 10 اگست (یو این آئي) تامل ناڈو میں پولیس کی حراست میں باپ بیٹے کی موت کے معاملے میں گرفتار سب- انسپکٹر (ایس آئی) پولدورئی (56) کا کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر ہونے کے بعد یہاں کے گورنمنٹ راجاجی اسپتال (جی آر ایچ) میں پیر کے روز انتقال ہوگیا۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ ملزم پولس اہلکار پولدورائی کو 24 جولائی کو مدورئی سنٹرل جیل میں کورونا وائرس سے متاثر پایا گیا تھا۔ پولدورئی کو باپ بیٹے کی حراستی موت کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔پولدورئی کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 24 جولائی کو جی آر ایچ میں داخل کیا گیا تھا جہاں علاج کے باوجود آج صبح اس کی موت ہوگئی۔ وہ توتوکوڈی میں پولس تحویل میں پی جیے راج اور اس کے بیٹے جے بینکس کی حراستی موت میں ملوث 10 پولس اہلکاروں میں سے ایک تھا۔
کرائم برانچ سی آئی ڈی (سی بی سی آئی ڈی) نے ملزم ایس ایس آئی کو اس معاملے میں 8 جولائی کو گرفتار کیا تھا، جس کے فورا بعد ہی اسے توتوکوڈی گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال (ٹی کے جی ایم سی) میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ پولدورئی ذیابیطس اور دل کی بیماری میں مبتلا تھا۔