حیدرآباد-25 دسمبر.صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹراسدالدین اویسی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این آر سی اور این پی آر ایک ہی ہیں۔ این پی آر، این آر سی کی سمت پہلا قدم ہے۔ اسداویسی کی قیادت میں آج یونایٹیڈ مسلم ایکشن کمیٹی کے وفد نے چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھرراؤ سے ملاقات کی۔
وفد نے پرگتی بھون میں چیف منسٹر ملاقات کرتے ہویے ریاست میں این آر سی اور این پی آر پر عمل آوری نہ کرنے کی خواہش کی۔ صدر مجلس نے کہا کہ چیف منسٹر کو اس تعلق سے سرکاری دستاویز دکھایے گیے اور انھیں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ کیرالہ اور دیگر ریاستوں نے جس طرح سے این پی آر پر روک لگائی ہے اسی طرح تلنگانہ میں بھی روک لگائی جائے۔
صدر مجلس نے حکومت کے دستاویز کے حوالے سے کہا کہ این آرسی اور این پیآر میں کوئی فرق نہیں ہے اس مسئلہ پر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر اس سلسلے میں ایک یا دو دن میں مثبت فیصلہ کرینگے۔واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں این آر سی کے خلاف ووٹ دیا تھا۔